آرمی چیف کا بیان امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 28 June,2019 08:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج ملٹری اور سویلین لیڈرشپ ایک پیج پر ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔

آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار سویلین اور ملٹری لیڈرشپ قوم کی بقا اور ترقی کے لئے ایک پیچ پر ہیں۔ جب قوم کو ایسی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے تو لیڈرشپ کو سامنے آکر ایڈریس کرنا ہوتا ہے۔ آج قوم مشکل حالات سے گزر رہی ہے اور معاشی حالات میں ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ وزیراعظم نے گزشتہ رات قوم کو اعتماد میں لیا اور آج آرمی چیف کا بیان امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آج قوم کو مشکل حالات کا سامنا ہے لیکن پاکستان موجودہ حالات سے ضرور نکلے گا۔ لیڈرشپ مشکلات حالات میں فیصلے کرتی ہے تو مثبت اثرات نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنا دفاعی بجٹ فریز کیا اور کہا کہ قوم کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ حکومت معیشت کو صیح کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ سب دیکھیں گے یہ قوم ان حالات سے نکلے گی۔

اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے قومی فرض کو تحریک کی شکل دینے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کو خود انحصاری کی منزل سے ہم کنار کرنے کی جانب عملی قدم کپتان نے اٹھایا، حب الوطنی اسے کہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ہم قوم بن کر محتاجی کی دلدل سے نکلنے کی جدوجہد کریں۔
انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاسی نہیں، قومی مفاد میں جرات مندانہ فیصلے کئے ہیں۔ سیاسی مخالف بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ اس کڑی دھوپ سے ایک بار ہم ہمت، حوصلے اور استقامت سے گزر گئے تو روشن مستقبل ہماری منزل ہوگا۔