اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اپنی ہی جماعت پر خودکش حملہ کیا ہے۔ ان کا میثاق معیشت کی مخالفت کرنے کا مطلب اپنے چچا شہبازشریف کا مذاق اڑانا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ دو بیانیوں میں دھنس گئی ہے، مریم صفدر کو اپنے چچا سے پارٹی کی صدارت سے استعفی بھی طلب کر لینا چاہیے، مریم نواز خود ضمانت پر ہیں، ان کے جرم ختم نہیں ہوئے، یہ نیا پاکستان ہے یہاں صرف آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ امیر قطر کا پاکستان آنا عمران خان کی ملک دوست پالیسی پر اعتماد کا اظہار ہے جو معاہدے ہونے جارہے ہیں وہ پاکستان کے لیے ایک نئی صبح کا پیغام بنیں گے، وزیراعظم عمران خان ملک کو سرمایہ کار دوست ملک بنانے جا رہے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نے امیر قطر کے دورے کو سبوتاژ کرنے کے لئے آج کے دن کو پریس کانفرنس کے لئے چنا۔ امیر قطر پاکستان کیلئے سرمایہ کاری پیکج لے کر آ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی سفارتی سطح پر یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے جب قطر کا ذکر ہوتا تھا تو قطری خط کا ذکر بھی ساتھ ہوتا تھا، اب یہ دو ملکوں میں تعلقات مضبوط ہونے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کا ثبوت ہے۔ پاکستان میں قطر کی طرف سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے۔