اپوزیشن احتجاج کرے یا تحریک چلائے، معافی نہیں ملے گی: وزیراعظم

Last Updated On 25 June,2019 04:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اے پی سی کرے یا تحریک چلائے، انہیں کوئی این آر او نہیں ملے گا، اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے۔ بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، تمام اراکین حاضری یقینی بنائیں.

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا مجھے این آر او کے لیے براہ راست اپروچ نہیں کیا گیا، بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا معاشی سمت کا تعین کر دیا ہے، بحران سے نکل رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا اراکین پارلیمنٹ عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں، سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کرونگا، قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے، پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کرے یا اے پی سی بلائے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، کرپشن کرنے والوں کو این آر او ملے گا نہ ہی معافی ملے گی۔