پارٹی عہدے سے ہٹانے کیخلاف دائر درخواست، مریم نواز کا جواب جمع

Last Updated On 25 June,2019 11:20 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے الیکشن کمیشن میں پارٹی عہدے سے ہٹانے کیخلاف دائر درخواست پر جواب جمع کرا دیا۔

 چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل نے بتایا کہ مریم نواز نے جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا، مسلم لیگ ن کا جواب آئندہ ہفتے جمع کرا دیا جائے گا۔ ممبر پختونخواہ نے سوال کیا کیا مریم نواز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جمع کرایا ہے ؟ وکیل مریم نواز نے کہا درخواستگزار نے اخباروں کی کٹنگ لگائی ہے نوٹیفکیشن نہیں۔

 مریم نواز نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا کہ عوامی نمائندوں کو پارلیمان سے دور رکھنے کیلئے ایسے قوانین بنائے گئے، سپریم کورٹ کا پارٹی سربراہ سے متعلق فیصلہ اس کیس سے متعلق نہیں، پارٹی سربراہ کا کردار ہے، نائب صدر کا قانونی کردار نہیں، آئین کے تحت اپنی مرضی کی جماعت بنانے یا شمولیت کا حق حاصل ہے، مریم نواز پارٹی نائب صدر بن سکتی ہیں، الیکشن کمیشن پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی پابندی نہیں، ملیکہ بخاری سمیت دیگر درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کر دی۔