پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع، چیئرمن پی سی بی کے استعفے کا مطالبہ

Last Updated On 17 June,2019 07:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر چیئرمن پی سی بی اور چیف سلیکٹر سمیت ذمہ داروں کے استعفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ارکان اسمبلی بھی ناراض ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لئے قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا ہے کی ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر پوری قوم میں غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

قراداد میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے پی سی بی نے نہ تو پلاننگ کی اور نہ ہی قوم کو بہترین کھلاڑی دے سکا، جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ میں انتہائی مایوسی پائی جا رہی ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی جائے۔ کمیٹی تحقیقات کرے کہ میچ سے قبل کھلاڑی نائٹ کلب میں کس طرح پارٹیاں مناتے رہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی پر چیئرمن پی سی بی اور چیف سلیکٹر سمیت ذمہ دار فوری طور پر اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔