بھارت سے شکست: ورلڈکپ کے بعد ٹیم، مینجمنٹ میں تبدیلیوں کی تیاریاں

Last Updated On 17 June,2019 05:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈکپ میں بری کارکردگی اور بھارت شکست کے آفٹر شاکس، ٹیم اور مینجمنٹ میں تبدیلیوں کی خبریں زور پکڑنے لگیں۔

منیجمنٹ میں ہیڈ کوچ سمیت غیر ملکی کوچز فارغ ہو جائیں گے۔ سینئر کھلاڑیوں سمیت ٹیم میں 5 کی چھٹی کا بھی امکان ہے، شعیب ملک پہلے ہی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر سمیت ٹیم مینجمنٹ کے معاہدوں میں توسیع ناممکن ہے۔ ہیڈ کوچ کا ٹیلنٹ بھی پاکستان سے ڈھونڈنے کا امکان ہے جبکہ چیف سلیکٹر کے لیے بھی نئے نام گردش کر رہے ہیں۔

ادھر ٹیم میں گروپ بندی کی خبریں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ دنیا نیوز نے اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی ہے۔ ورلڈکپ میں ٹیم ہار ہی کا کیوں شکار ہے اس کا جواب بھی مل گیا کہ کھلاڑی ایک جان ہو کر نہیں کھیل رہے۔ ذرائع کے مطابق شعیب ملک کی پاکٹ میں امام الحق، بابر اعظم، آصف علی اور عماد وسیم ہیں۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ان کا ٹیم لیڈر کہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ہیڈ کوچ کے منظور نظر سرفراز احمد کے ہاتھ میں فخر زمان، حارث سہیل، شاداب خان، حسن علی سمیت محمد عامر کے ناموں کی پرچیاں ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ زور آزمائی آپس میں ہے، بھارت سمیت دیگر ٹیموں کے خلاف نہیں، ٹیم کو فتح کی امید دلا کر غیر ذمہ داری دکھانے سے خود غرضی کا کھیل تو کئی بار ثابت ہو چکا مگر اپنے گروپ کو مضبوط کرنے کے لیے رسہ کشی کی خبروں نے بھی زو رپکڑ لیا ہے۔