یکم شوال کے چاند کی پیدائش ہوگئی، آج نظر آ جائے گا: فواد چودھری

Last Updated On 03 June,2019 11:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے بتایا ہے کہ یکم شوال کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے جو آج نظر آ جائے گا۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ علم کے استعمال کا اللہ تعالیٰ اور رسول پاک ﷺ نے بھی حکم دیا ہے۔ ہم نے ہجری کلینڈر اور ایپ بنا کر اسے وزارت کی ویب سائٹ پر ڈال دیا ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ موبائل ایپ سے ناصرف تمام کہکشاں دیکھی جا سکتی ہے بلکہ اسے مختلف نظام کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئیں چاند دیکھیں، فواد چودھری کا تمام میٹ آفس عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

انہوں نے پاکستانی عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز تین بج کر دو منٹ پر چاند کی پیدائش ہوگئی ہے تاہم اس کی چمک اس وقت زیرو فیصد ہے۔ آج چاند 28 گھنٹے کا ہوگا اور صاف دکھائی دے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آج چاند نظر آ جائے گا بلکہ کراچی میں چاند عام آنکھ سے بھی دیکھا جا سکے گا۔ ملک کے مختلف مقامات پر 66 کے قریب محکمہ موسمیات کی دوربینیں لگی ہیں، شہری ان مقامات پر جا کر چاند کو دیکھ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کی دوربین چالیس سے پچاس سال پرانی ہے۔ وفاقی کابینہ نے بھی میرے فیصلے کو سراہا ہے، اس حوالے سے کوئی رکاوٹ نہیں، جس میں عقل ہوگی وہ ہماری بات پر قائل ہو جائے گا۔

مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی ہمارے بزرگ ہیں، میں ان کا احترام کرتا ہوں، دونوں کو بھی دعوت دیتے ہیں۔ ایک طرف کہتے ہیں کہ آنکھ سے دیکھنا ہے، اس طرح تو ہر شہر اور گاؤں کی اپنی عید ہوگی۔