وزیراعظم کی ناراضگی: زرتاج گل نے ہمشیرہ کی تعیناتی کا خط واپس لےلیا

Last Updated On 03 June,2019 10:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے اظہار ناراضی کے بعد وزیر مملکت زرتاج گل نے اپنی بہن شبنم گل کی نیکٹا میں تعیناتی کے لئے لکھا گیا خط واپس لے لیا۔

خط میں زرتاج گل نے معاملے کی تحقیقات کی بھی درخواست کر دی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خط کامقصد اقربا پروری نہیں تھا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی ہمشیرہ شبنم گل کی نیکٹا میں تعیناتی کے معاملے پر وزیراعظم کے اظہار ناراضی اور ہدایات کے بعد 27 فروری 2019ء کو لکھا گیا خط واپس لے لیا گیا ہے۔

وزرارت موسمیاتی تبدیلی کے پرنسپل سیکرٹری نے زرتاج گل کی ایماء پر سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا۔ ستائیس فروری کے خط کا مقصد صرف خاتون کی سی وی کی نشاندہی کرنا تھا۔ خط کا مقصد قطعی طور پر دباؤ ڈالنا یا اقربا پروری نہیں تھا۔

دوسری جانب زرتاج گل نے کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں تحقیقات کی بھی درخواست کر دی ہے۔ وزیر مملکت کی خواہش ہے کہ تحقیقات کو عوام کے سامنے لاتے ہوئے کسی بے ضابطگی کی صورت میں شبنم گل کی تقرری کی ریکوزیشن کو واپس لے لیا جائے۔

یاد رہے کہ نعیم الحق نے اپنے ٹویٹ میں اتوار کے روز بتایا تھا کہ وزیراعظم نے زرتاج گل کے خط کا سختی سے نوٹس لیا اور واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شخص حکومتی عہدے کا غلط استعمال نہ کرے۔ کسی دوست یا عزیز کو مالی فائدہ نہ دیا جائے۔ ایسےاقدامات سےحکومت اورپارٹی کونقصان پہنچتا ہے۔ نعیم الحق نے ٹویٹ میں زرتاج گل کے اقدام کو تحریک انصاف کے ضابطہ اخلاق کے خلاف قرار دیا۔