پیراگون سٹی کیس،خواجہ سعد اورسلمان سمیت 5 ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر

Last Updated On 31 May,2019 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیب لاہور نے پیراگون سٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت 5 ملزمان کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کردیا۔ نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

نیب لاہور نے پیراگون سکینڈل میں سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف لاہور کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا۔ سپیشل پراسیکیوٹر نیب وارث جنجوعہ نے ریفرنس دائر کیا۔ ریفرنس میں مرکزی ملزمان خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، ملزم عمر ضیاء، ملزم ندیم ضیاء اور ملزم فرحان علی شامل ہیں۔ ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ریفرنس کے مطابق خواجہ برادران پیراگون سٹی میں 93.6 فیصد شیئرز کے مالک ہیں۔ ملزمان کی جانب سے 50 کنال سے زائد کی سرکاری اراضی سوسائٹی میں شامل کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے مالی فوائد حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے فوائد حاصل کئے۔

نیب ریفرنس کے مطابق خواجہ سلمان رفیق کیجانب سے 3 کروڑ 90 لاکھ کے مالی فوائد حاصل کئے گئے، دوسری جانب دونوں ملزمان خواجہ سعد رفیق و سلمان رفیق اس وقت جوڈیشل ریمانڑ پر جیل میں ہیں جبکہ خواجہ برادران نے ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔