احتساب عدالت : خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع

Last Updated On 18 April,2019 11:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیرا گون سکینڈل کیس کی سماعت کی، جیل حکام نے خواجہ برادرن کو عدالت پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کے خلاف ریفرنس کب فائل ہو رہا ہے، بغیر ریفرنس کے ملزموں کو کیسے جیل میں رکھا جا سکتا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس اپروول کے مراحل میں ہے، منظوری چیئرمین نیب نے دینی ہوتی ہے میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ ریفرنس دائر ہونے کی حتمی تاریخ بتا سکوں۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 مئی تک توسیع کر دی۔

عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ صدارتی نظام کی بحث عمران خان کی حکومت کے لیے شرمناک ہے، عمران خان جیسے تیسے 73 کے آئین کے تحت ہی حکومت میں آئے ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، معیشت کا برا حال ہے، حکومت سیاسی مخالفین کا قلع قمع کرنے پر لگی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا حکومت اپوزیشن کو گراتے گراتے پاکستان کو نقصان نہ پہنچا دے، جیلیں اور حکومتی انتقامی حربے ہمارے لئے نئے نہیں موقف بدلیں گے نہ عزم، مسلم لیگ ن بدترین حکومتی انتقام کا سامنا کر رہی ہے۔

خواجہ برردان کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس نے بئیریر لگا کر کارکنوں کو احاطہ عدالت کے اندار جانے سے روک دیا۔