پی ٹی آئی کارکن نوید وڑائچ کی صاحبزادی امریکہ میں ٹریفک حادثے میں چل بسی

Last Updated On 27 May,2019 05:29 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے کارکن نوید وڑائچ کی صاحبزادی علیزہ اختر امریکہ میں ایک حادثے کے دوران چل بسی۔

نوید اختر وڑائچ کی 19 سالہ بیٹی علیزہ اختر اپنی چھوٹی بہن کے ہمراہ کار میں جارہی تھیں کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں علیزہ اختر جاں بحق اور ان کی چھوٹی بہن شدید زخمی ہوگئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ نیو جرسی کے اولڈ برج ایریا میں پیش آیا، حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہو گیا جس کو تعاقب کرنے کے بعد پولیس نے پکڑ لیا۔ پکڑا جانیوالا ڈرائیور 28 سالہ الیکزینڈر نشے میں تھا اور مخالف سمت سے آتے ہوئے اچانک اپنی لین تبدیل کر لی تھی۔

دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما نوید اختر وڑائچ کی بیٹی کی ہلاکت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اس واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما نوید اختر وڑائچ کی بیٹی علیزہ اختر امریکی معروف یونیورسٹی میسا چوسسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھیں اور ذہانت کے باعث سکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔