لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے جرمانہ دیت وغیرہ ادا کرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کی مخیر حضرات کے تعاون سے رہائی شروع کر دی۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مخیر حضرات کی طرف سے تین کروڑ 82 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے پر 514 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں سے جرمانوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بند قیدیوں کی رہائی شروع ہو گئی ہے۔ پنجاب کی جیلوں میں 657 قیدی جرمانہ اور دیت وغیرہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جیل کاٹ رہے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مخیر حضرات کی طرف سے تین کروڑ 82 لاکھ روپے جرمانہ ادا پر 514 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ 143 قیدیوں کو عید سے قبل 22 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرکے رہا کر دیا جائے گا۔
عید سے قبل پنجاب جیلوں سے جرمانہ ادا کرنے کی مالی استطاعت نہ رکھنے والے تمام قیدی رہا کر دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نادار قیدی رہا ہو کر اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت دیگر طبقات کی طرح قیدیوں کے لئے بھی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔