اسلام آباد: (دنیا نیوز) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی خاتون رہنما گلالئی اسماعیل کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں لوگوں کو بغاوت پر اکسانے کی دفعات شامل ہیں۔
گلالئی اسماعیل کیخلاف نئی ایف آئی آر اسلام آباد کے تھانہ کورال میں ایس ایچ او سیف اللہ کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات 6 اور 7 بھی لگائی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ ترامڑی چوک پر بچی کی لاش رکھ کر احتجاج کر رہے تھے کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی رہنما گلالئی اسماعیل بھی خطاب کے لئے پہنچ گئیں۔
اس موقع پر گلالئی اسماعیل نے ریاست اور فوج کیخلاف نفرت انگیز اور شرانگیز الفاظ استعال کئے۔ گلالئی نے پشتونوں کو لسانی بنیاد پر ریاست کیخلاف بغاوت اور اکسانے کی کوشش کی۔
مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی 124 اے، 153 اور 500 اے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 بھی لگائی گئی ہے۔