وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی خبریں، شیخ رشید نے بے بنیاد قرار دیدیا

Last Updated On 21 April,2019 08:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان، عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں، اس لیے میں بھی ان کا ساتھ ہوں۔

اسلام آباد اوپن ائیر تھیٹر میں مسیحی برادی کی ایسٹر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھے اسد عمر کو منانے کا ٹاسک نہیں ملا، میں خود جا رہا ہوں۔ اسد عمر پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے، اس کو ضرور مناؤں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپنے مسیحی بھائیوں بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ ہمارے ملک کی عزت ہیں، شاید ہی کوئی بڑا آدمی ہو جس کا مسیحی استاد نا ہو۔

انہوں نے کہا کبھی کوئی مسیحی بھائی کرپشن پر نہیں پکڑا گیا نا ہی کبھی کوئی منی لانڈرنگ میں پکڑا گیا۔ میں کرسچنز کو زیادہ سے زیادہ نوکری دینا چاہتا ہوں۔ پاکستان میں تعصب کی ہوا کو ختم کرنے کے لئے مسلم اور مسیحی بھائی اکھٹے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں 9 سے 10 سال سے جھوٹ نہیں بول رہا تو میرا یقین کریں کہ میں راولپنڈی اسلام آباد کے 1000 لوگوں کو نوکریاں دوں گا۔