جھنگ: شاہ جیونہ کی عرس تقریبات شروع، زائرین کی بڑی تعداد میں‌ آمد جاری

Last Updated On 10 May,2019 09:10 am

جھنگ: (دنیا نیوز) جھنگ میں شاہ جیونہ کی عرس تقریبات شروع ہو گئیں، ملک بھر سے زائرین شاہ جیونہ پہنچنا شروع ہو گئے۔ سب سے بڑی رسم، رسم ِ چراغ کل شام ادا کی جائے گی۔

جھنگ کے علاقہ شاہ جیونہ میں حضرت سیدمحبوب عالم المعروف پیر شاہ جیونہ کروڑیہ کے پوتے سید لدھن امام کے 461 ویں عرس کے سلسلہ میں میلہ شاہ جیونہ کی تین روزہ تقریبات شروع ہوچکی ہیں۔ رسم چراغ جو کہ عرس کی سب سے بڑی رسم ہے، کل شام بعد نمازمغرب ادا کی جائے گی۔ چراغ 120 فٹ بلندی پر چڑھانے کی تقریب سجادہ نشین مخدوم سید فیصل صالح حیات ادا کریں گے۔ عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے ملک بھر سے زائرین کی بڑی تعداد شاہ جیونہ آنا شروع ہوچکی ہے اور لوگ دربارسید محبوب عالم المعروف پیرشاہ جیونہ کروڑیہ پر حاضری دے کر منتیں مرادیں مانگ رہے ہیں۔

عقیدت مند ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈال کر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں جبکہ عرس کی رسومات کیلئے سجادہ نشین چکی چونگ کی رسم (چکی میں گندم کے دانے پیس کر آٹا تیار کرنا) ادا کرنے کے بعد رسم چراغ سے ایک ہفتہ قبل دنیاوی رابطے ختم کرکے صرف اللہ کی عبادت کیلئے ایک کمرہ خاص میں منتقل ہوجاتے ہیں۔

اس رسم کو کیڑی بیٹھنا کہا جاتا ہے جو بڑے اہتمام سے ادا کی جاتی ہے۔ ایک ہفتہ کی مسلسل عبادت کے بعد سجادہ نشین پھر چراغ چڑھانے کی رسم ادا کرنے کیلئے 10مئی کی شام کو ہی باہر آتے ہیں جہاں پر سجادہ نشین کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اور زائرین موجود ہوتے ہیں۔ رسم چراغ کا منظر بڑا عجیب منظر ہوتا ہے کیونکہ چراغ چڑھنے تک ہزاروں کے مجمع میں لوگوں کی آواز تو کیا سانس کی آواز تک نہیں آتی اور حاضرین پر ایک عجیب کیفیت طاری رہتی ہے۔ مشہور ہے کہ اگر چراغ چڑھ جائے تو پھر میلہ لگتا ہے اور اگر خدانخواستہ چراغ نہ چڑھے تو میلہ وعرس کی تقریبات ملتوی کردی جاتی ہیں۔کیونکہ دربار کی کرامت کے بارے مشہور ہے کہ اگر چراغ نہ چڑھے تو سجادہ نشین اور اس کے خدمت گار خاص ملنگ سمیت دونوں کا اسی رات انتقال ہوجاتا ہے۔

حضرت سید محبوب عالم المعروف پیرشاہ جیونہ کروڑیہ کا شمار بلندپایہ بزرگان دین میں ہوتا ہے جن کے متعلق مشہور ہے کہ انہوں نے ایک کروڑ مرتبہ سورۃ مزمل تلاوت فرماکر وظیفہ کیاتھا جس کے بعد ان کو کروڑیہ کے لقب سے یاد کیاجاتا ہے اور ہرسال 10مئی کو ان کے پوتے سید لدھن امام جو ایک بلندپایہ بزرگ تھے کی یاد میں عرس منایا جاتا ہے اور تین روزہ میلہ شاہ جیونہ منعقد کیاجاتا ہے۔ رسم چراغ کو دیکھنے کیلئے لوگ دربار پر پہنچنا شروع ہوچکے ہیں۔