سانحہ داتا دربار میں مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت معمہ بن گئی

Last Updated On 09 May,2019 03:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ داتا دربار میں مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت معمہ بن گئی، دھماکے کے وقت مبینہ حملہ آور کی موجودگی سے معاملہ الجھ گیا۔

داتا دربار پر بدھ کی صبح 8 بج کر 45 منٹ پر مبینہ خودکش حملہ ہوا، حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ رنگ کے کپٹروں میں ملوث شخص پولیس وین کے قریب آتا ہے اور دھماکہ ہو جاتا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اس پر شبہ ظاہر کیا گیا یہ یہی دہشتگرد تھا لیکن اگر سی سی ٹی وی فوٹیج کو بغور دیکھا جائے تو حقیقت کچھ اور دکھائی دیتی ہے۔

دھماکا مبینہ خودکش حملہ آور کی مخالف سمت میں ہوتا ہوا نظر آتا ہے، فوٹیج کے آخری منظر میں مبینہ حملہ آور دھماکے کے وقت کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب انوسٹی گیشن ونگ نے بھی مبینہ حملہ آور کے خودکش ہونے پر سوالات اٹھا دیئے۔ بظاہر حملہ گاڑی کی مخالف سمت میں خواتین گیٹ کی جانب ہوا، داتا دربار کے خواتین گیٹ کا رخ لوئر مال کی جانب ہے جبکہ دھماکے کے وقت مبینہ خودکش حملہ آور کا رخ بلال گنج کی جانب تھا۔

 ذرائع کا کہنا کہ دیگر نصب کیمروں کی فوٹیجز لی جا رہی ہیں اور جلد اس پہلو پر پیش رفت متوقع ہے۔