دہشتگرد ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے: آئی جی پنجاب

Last Updated On 10 May,2019 03:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے نماز تراویح کے دوران مختلف مساجد کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔ آئی جی پنجاب نے نماز عشاء اور تراویح کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مسجد شہدا ءمال روڈ، شادمان مارکیٹ مسجد اور خالد مسجد کیولری گراونڈ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے مساجد کے باہر بنکر بنائیں جائیں۔ داتا دربار پر ہونے والی دہشتگردی ہمارے لیے چیلنج ہے۔ صوبہ بھر میں دہشتگردوں کی مذموم کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ ملزمان تک پہنچنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے شہریوں کو کہا کہ پنجاب پولیس آپ کی اپنی پولیس ہے۔ہم آپ کی حفاظت کے لیے قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ افسران سیکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کو ڈیوٹی کی اہمیت اور حساسیت کے متعلق روزانہ کی بنیادوں پر بریفنگ دیں۔

دوسری طرف آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ تمام فیلڈ افسران نماز تراویح کے اوقات میں اے کیٹیگری کی مساجد اور دینی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو چیک کریں۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ڈیوٹی کے دوران اکٹھے کھڑے ہونے کی بجائے مناسب فاصلے پر کھڑے ہوا کریں۔ ڈیوٹی ادا کرتے ہوئے شہریوں کی سہولت کا خصوصی خیال رکھا جائے۔