نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے: آصف زرداری

Last Updated On 29 April,2019 04:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آصف زرداری نے کہا ہے کہ نیب اور معیشت کا ایک ساتھ چلنا ناممکن ہے، احتجاجی تحریک میں فضل الرحمان کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ نہ کرے حکومت مدت پوری کرسکے، ضرورت ہے تو نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک چلے جائیں۔

قبل ازیں احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانتیں منظور کر لیں۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو 20، 20 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

 احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ کمرہ عدالت میں تمام ملزمان کی حاضریاں لگائی گئیں۔ عدالت نے استفسار کیا کراچی میں گرفتار حسین لوائی سمیت دیگر 4 ملزمان کہاں ہیں ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا چیف سیکرٹری سندھ کو ملزمان کی حوالگی کے 2 خطوط لکھے، جواب نہیں ملا۔ جج ارشد ملک نے کہا نیب معاملہ چیف سیکرٹری کے ساتھ اٹھائے، ہم سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہیں۔

ادھر جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تیسرا ملزم شیر علی بھی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگیا، بینک افسر شیر علی کو گزشتہ روز کراچی سے اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا، اس سے قبل 2 خواتین بینک افسران بھی وعدہ معاف گواہ بن چکی ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا وعدہ معاف گواہ بننے والی کرن اور نورین کی درخواست پراسس میں ہے۔