کراچی: پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر ورکرز کنونشن شدید بدنظی کا شکار

Last Updated On 28 April,2019 11:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے یوم تاسیس پر ورکرز کنونشن شدید بدنظی کا شکار ہو کر ادھورا ختم کر دیا گیا۔ سندھ کے قائم مقام صدر حلیم عادل شیخ کا ڈائس پر خطاب کے لیے آنا تھا کہ کارکنوں نے نعرہ بازی شروع کر دی۔ بدںظمی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب کرسیاں چلیں اور پتھراؤ بھی شروع ہو گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کا تئیسواں یوم تاسیس کراچی کی قیادت کو بھاری پڑ گیا۔ دن بھر یونیورسٹی روڈ پر منگل بازار گراؤنڈ میں خوب تیاریاں کی گئیں۔ ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے میوزک کا پروگرام بھی ترتیب دیا گیا لیکن ہوا وہی جس کا خدشہ تھا۔

پی ٹی آئی سندھ کے قائم مقام صدر حلیم عادل شیخ خطاب کے لیے آئے تو کارکنان کی جانب سے قیادت کے خلاف شدید نعرہ بازی شروع کر دی گئی۔ بدنظمی بڑھتی گئی تو کارکنان گتھم گتھا ہو کر ایک دوسرے پر پل پڑے، کرسیاں چلائی گئیں اور پتھراؤ بھی ہوا۔

خطاب کے لیے تمام ہی قیادت ابھی باقی تھی، ورکرز کنونشن میں سیںئر رہنما اسد عمر اور علی زیدی کو بھی پہنچنا تھا لیکن کنونشن سنبھلنے میں نہ آیا تو بنا کسی اہم خطاب کے ختم کر دیا گیا۔

ورکرز کے ساتھ عام شہری بھی بڑی تعداد میں پہنچے تھے جو مایوس واپس لوٹ گئے۔