ٹریفک مسائل: مال روڈ پر رکشہ کے داخل ہونے پر پابندی کا فیصلہ

Last Updated On 24 April,2019 02:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹریفک مسائل کے حل کیلئے مال روڈ پر رکشہ کے داخل ہونے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا، عملدرآمد آئندہ ماہ سے ہوگا۔

 ذرائع کے مطابق لاہور انتظامیہ نے سیف سٹی کے ساتھ مل کر بڑا فیصلہ کر لیا۔ مال روڈ جو کہ شہر کے وسط سے گزرتی ہے، اس پر 12 گھنٹے کے لیے رکشوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ رکشے مال روڈ کو کراس تو کر سکیں گے لیکن اس پر سفر کرنا ممنوع ہوگا۔ صبح 7 سے شام 7 بجے تک مال روڈ ہر قسم کے رکشوں کے لیے بند رہے گی۔

 مال روڈ پر موٹر سائیکل رکشہ پر پہلے سے ہی پابندی عائد ہے، شہریوں نے اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل دیا ہے، کچھ کا کہنا ہے کہ فیصلے کے بعد ٹریفک میں بہتری آئے گی جبکہ بعض کے مطابق ان کو سفری مشکلات در پیش ہونگی۔

ذرائع کے مطابق رکشوں کے داخلے پر پابندی کی بڑی وجہ ٹریفک نظام کو بہتر کرنا ہے چونکہ رکشے جگہ جگہ سواری اٹھانے کے لیے رکتے ہیں جس کے باعث ٹریفک مسائل پیدا ہوتے ہیں۔