ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

Last Updated On 24 April,2019 10:34 am

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بارش سے آتی گرمی کو بریک لگ گئی۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بادل خوب برسے، آج بھی مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

 لاہور میں رات گئے گرد آلود ہوائیں چلیں جس سے بجلی کا نظام بیٹھ گیا، 170 فیڈر ٹرپ ہونے سے شہری بجلی سے محروم رہے۔ تیز آندھی کے باعث کینال روڈ پر درخت گرگئے۔ رائیونڈ میں گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ اوکاڑہ جہلم، شیخوپورہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، میانوالی اور بھکر میں بادل خوب برسے۔ کئی شہروں میں درخت اور سائن بورڈ گر گئے، کئی گھنٹے تک بجلی معطل رہی۔

پشاور، سوات، مینگورہ، بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش نے موسم سہانا بنا دیا۔ کرک میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔

بلوچستان کے شہر چمن میں مٹی کے طوفان اور آندھی کے باعث گرمی کم ہو گئی۔ موسم کی خرابی کے باعث بلوچستان کے 5 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ظفر وال، نارووال، پسرور اور مریدکے کے گردونواح میں آندھی کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا، متعدد فیڈرز کو بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، کسان نقصانات سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔