کراچی: لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش جاری، ایک اور لاش برآمد

Last Updated On 18 April,2019 06:54 pm

کراچی : (دنیا نیوز) کراچی میں طوفانی ہواؤں کے باعث سمندر میں لاپتہ لانچوں کی تلاش جاری ہے۔

تلاشی کے دوران لاپتہ ایک اور ماہی کی لاش مل گئی ہے جبکہ ملنے والوں کی لاشوں کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔ تاحال 30 سے زائد لاپتہ ہیں جنہیں تلاش کیا جا رہا ہے۔

پانچ روز قبل کراچی میں گرد آلود طوفانی ہوائیں چلنے سے سمندر میں لانچیں ڈوب گئیں تھیں لانچوں میں تیس سے زائد ماہی گیر موجود تھے، سمندر میں ریسکیو آپریشن کے دوران دو ماہی گیروں کی لاشیں تلاش کر لی گئی ہیں۔

ایک لاش کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی جس کی لاش کیٹی بند کے مقام سے ملی جبکہ ایک مسخ شدہ لاش کھارو چھان سے برآمد ہوئی جس کی شناخت منو میاں نامی کے نام سے ہوئی، منو میاں کورنگی 100 کوارٹر کا رہائشی تھا۔

یہ آپریشن پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے کیا، کھلے سمندر میں یہ آپریشن تاحال جاری ہے۔ آپریشن کے دوران تیز رفتار کشتیاں اور جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن میں اب تک 248 ماہی گیروں اور ان کی 8 کشتیوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ اب تک ماہی گیروں کی 13 کشتیاں ڈوب چکی ہیں۔