پاک بحریہ کا انسداد منشیات آپریشن، 2.5 ارب سے زائد مالیتی حشیش پکڑ لی

Last Updated On 04 April,2019 03:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ نے اورماڑہ کے قریب سمندر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر انٹی نارکوٹکس آپریشن کے دوران 2.5 ارب سے زائد مالیت کی تقریباَ 1000 کلو گرام حشیش قبضے میں لے لی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ پیچیدہ آپریشن مستقل نگرانی، اینٹی نارکوٹکس فورس کے باہمی تعاون اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا، مزید کاروائی کے لئے حشیش انٹی نار کوٹکس فورس کے حوالے کر دی گئی۔

ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن پاکستان نیوی کے سمندری حدود کی نگرانی میں سرگرم رہنے کی بھر پور عکاسی کرتا ہے۔ پاک بحریہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور بحر ہند میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔