سٹیزن پورٹل: اب تک 4 لاکھ 49 ہزار 25 شکایات کا ازالہ

Last Updated On 15 April,2019 09:00 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومت کی طرف سے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سرکاری محکموں میں روابط کے فروغ کے لئے پاکستان سٹیزن پورٹل پر اب تک کل 8 لاکھ 75 ہزار 111 افراد رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن میں سے 7 لاکھ 91 ہزار 59 ملک میں مقیم پاکستانی ہیں۔

سٹیزن پورٹل پر اب تک 6 لاکھ 4 ہزار 47 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 5 لاکھ 53 ہزار 953 شکایات پاکستان میں مقیم شہریوں نے درج کرائی ہیں جبکہ 47 ہزار 729 شکایات تارکین وطن پاکستانیوں نے درج کرائی ہیں، 2 ہزار 392 شکایات غیر ملکیوں کی بھی موصول ہوئی ہیں، پورٹل پر 80 ہزار 753 تارکین وطن پاکستانیوں نے خود کو رجسٹرڈ کرایا ہے۔

حل کی گئی شکایات کی تفصیلات بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ تقریبا 4 لاکھ 49 ہزار 25 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے، پنجاب میں 43.87 فیصد شکایات کا ازالہ کیا گیا جو شکایات ازالے کی بلند ترین شرح ہے، وزیر اعظم پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور غیر ملکیوں کی شکایات بھی ملکی قوانین کے مطابق حل کرنے کی واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں جس پر عمل کیا جارہا ہے۔