آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس: علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع

Last Updated On 11 April,2019 06:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنانے اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع کر دی۔

احتساب عدالت کے سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے تحریک انصاف کے گرفتار رہنما علیم خان کو عدالت پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ تحقیقات کب تک مکمل ہوں گی۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کچھ ریکارڈ اکٹھا کرنا باقی ہے جلد ہی انویسٹی گیشن مکمل کرلیں گے۔

احتساب عدالت کے جج نے علیم خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ نیب تفتیشی کہتے ہیں کہ علیم خان نے ریکارڈ چھپا رکھا ہے، جس پر علیم خان کے وکیل نے نیب تفیتشی کہ الزام کو رد کرتے ہوئے بتایا کہ علیم خان تو جیل میں ہیں ریکارڈ کیسے چھپا سکتے ہیں۔

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر علیم خان کے خلاف فائنل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے انکے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع کر دی۔