خرم شیر زمان کا جیالے رہنماؤں کو زرداری سے اظہار لاتعلقی کا مشورہ

Last Updated On 04 April,2019 12:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خرم شیر زمان نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو آصف زرداری سے اظہار لاتعلقی کا مشورہ دے دیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ سابق صدر جلد نااہل ہو جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم کو مبارک ہو آج آصف علی زرداری کو نوٹس جاری ہوگیا، جتنی بھی شہادتیں ہیں وہ چوروں کی طرف جا رہی ہیں، امید کر رہا ہوں اب یہ نہیں بھاگیں گے۔ انہوں نے کہا جو کیس نظر آرہا ہے جلد آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہیں گے، پیپلزپارٹی والوں کی چیخیں نکلنے والی ہیں، پیپلزپارٹی کی اس بات پر بھی چیخیں نکلنی چاہیں کہ خورشید آج سندھ کے سب سے بڑے زمیندار کیسے بن گئے، خورشید شاہ ایک محکمے میں میٹر ریڈر ہوا کرتے تھے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا ہائی کورٹ سے پہلے بھی انصاف ملا ہے اب بھی امید ہے، مہرین شاہ اور محمد ادریس کے نام پر بے نامی جائیدایں و گاڑیاں خریدی گئیں، زرداری بتائیں کہ یہ مہرین شاہ اور ادریس کون ہیں۔ بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بلاول ‘‘باولا’’ ہوگیا ہے، اپنے ہی صوبے میں ٹرین مارچ کر رہا ہے، آج کے کیس کی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے کہ کرپشن کنگ آصف علی زرداری کو نوٹسز جاری ہوئے، ایک مردے نے کس طرح آصف علی زرداری کے نام پر گاڑی کی ڈیوٹی ادا کی، زراری جیسے معاشی دہشتگرد کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے تک کرپشن کاخاتمہ ممکن نہیں۔