پشاور: رکن کےپی اسمبلی فدا محمد کا سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر چالان ہو گیا

Last Updated On 29 March,2019 01:34 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ٹریفک پولیس نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فدا محمد کو چالان تھما دیا۔ ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار ایم پی اے اور ان کے ڈرائیور دونوں نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی۔

پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سٹی ٹریفک پولیس نے "قانون سے کوئی بالاتر نہیں" پر عمل کا ثبوت دیتے ہوئے ایم پی اے فدا محمد کا چالان کر دیا، پولیس اہلکار نے رکن اسمبلی کو 200 روپے کا چالان تھمایا۔

ٹریفک حکام کے مطابق گاڑی میں سوار معزز رکن اسمبلی اور ان کے ڈرائیور دونوں نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔ رکن اسمبلی پشاور کے علاقے تہکال سے اسمبلی کی طرف عازم سفر تھے۔