قبائلی عوام کو تھری جی سروس فراہمی کا وعدہ تکمیل پا گیا: وزیراعظم

Last Updated On 25 March,2019 02:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا ہونے کی خبر سنا دی۔ ان کا کہنا ہے کہ باجوڑ کی تحصیل خاور میں تھری جی سروس فراہم کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ایک اور وعدہ پورا ہو گیا ۔ انھوں نے خوشخبری سنائی کہ   باجوڑ کے عوام کو تھری جی سروس فراہم کر دی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے یہ وعدہ گزشتہ جمعے کو جلسے کے دوران قبائلی عوام کے ساتھ کیا اور اب اس پر عملدرآمد بھی کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا سے نئے ضم شدہ قبائلی علاقوں میں غریب و نادار افراد کو مفت علاج کی فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت صحت انصاف کارڈز کی سہولت مہیا کی ہے اور صحت کی دیگر سہولتوں کیلئے 5 سالہ پلان بھی تیار کیا ہے۔