قبائلی اضلاع کیلئے تشکیل کردہ ایڈوائزری کمیٹی کا پی ٹی ایم کیساتھ مذاکرات کا اعلان

Last Updated On 20 March,2019 03:57 pm

پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت کی قبائلی اضلاع کے لیے تشکیل کردہ ایڈوائزری کمیٹی نے پی ٹی ایم کیساتھ مذاکرات کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی کے مشیر اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق قبائلی علاقوں میں ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلی ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلی کے مشیر اجمل وزیر نے کہا کہ پی ٹی ایم کے جتنے تحفظات ہیں انہیں ختم کرنے کیلئے ان کیساتھ مذاکرات کر رہے ہیں کیونکہ ہم بھی قبائلی علاقوں کی ترقی چاہتے ہیں، اس لئے انہیں باضابطہ طور پر دعوت بھیج رہے ہیں اور چھبیس مارچ کو جرگہ پی ٹی ایم سے مذاکرات کریگا۔

وزیراعلی ہاؤس کے جرگہ ہال میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعلی نے یہ کمیٹی بنائی ہے جس میں قبائلی رہنما، سینیٹر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی شامل ہیں اور اسے آئینی حیثیت حاصل ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے قبائلی اضلاع کو حصہ دینگے کیونکہ دو صوبوں میں ہماری حکومت ہے جبکہ دیگر دو صوبے بھی لازمی حصہ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق قبائلی علاقوں میں ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی ایم سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی خود مختار ہے۔