عابد شیرعلی کا وزیراعظم پر امریکا، لندن اور یواے ای میں فلیٹس کا الزام

Last Updated On 24 March,2019 12:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے امریکا میں 3 بے نامی کمپنیاں بنائیں۔ علیمہ خان 60 ملین پاؤنڈز کی دعوے دار ہیں جسے ریگولرائز کیا گیا، عمران خان کے امریکا میں 4، لندن میں 3 اور یو اے ای میں 12 لگژری اپارٹمنٹ ہیں۔

لیگی رہنما عابد شیر علی کا ایک اور دعوی، عمران خان پر پھر الزامات کی بوچھاڑ، مسلم لیگ کے رہنما عابد شیر علی نے امریکا سے سوشل میڈیا پر کاغذات کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے دعوی کیا کہ عمران خان کینسر اپیل کے بینک اکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب روپے آئے جس میں سے 75 کروڑ روپے انہوں نے اپنے پاس رکھے اور 75 کروڑ روپے سٹاک ایکس چینج اور کیریبیئن آف شور کمپنیوں میں انویسٹ کیے۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بے نامی کمپنیاں عمران خان نے کینسر اور ایس کے ایم کینسر اپیل کے نام سے بنائی گئیں۔ 2012 میں عمران خان کے پاس 75 کروڑ روپے آئے جن میں سے 37 کروڑ پاکستان منتقل، باقی پیسے بے نامی اکاؤنٹس میں جمع کیے گئے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ علیمہ خان 60 ملین پاؤنڈز کی دعوے دار ہیں جسے ریگولرائز کیا گیا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کے امریکا میں 4، لندن میں 3 اور یو اے ای میں 12 لگژری اپارٹمنٹ ہیں۔ عابد شیر علی نے عمران خان اور علیمہ خان کو مناظرے کا چیلنج بھی دیا۔