بلاول بھٹو فرنٹ فٹ پر: کٹھ پتلیوں کے عالمی دن پر عمران خان کو مبارکباد

Last Updated On 21 March,2019 03:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سیاسی میدان میں فرنٹ فٹ پر آگئے۔ کٹھ پتلیوں کے عالمی دن پر عمران خان کو مبارکباد دی اور حکومتی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹرپیغام میں وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کالعدم تنظیموں سے رابطہ رکھنے والے وفاقی وزرا کو نہیں ہٹایا گیا، پرامن، جمہوری پیپلزپارٹی کے کارکن ابھی تک گرفتار ہیں، لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی۔

ادھر پولیس نے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر سمیت 70 جیالوں کے خلاف ایف آر کاٹ دی۔ ذرائع کے مطابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی گرفتاری کیلئے چیئرمین سینیٹ سے رابطہ کیا جائے گا، چیئرمین سینیٹ کی اجازت کے بعد پی پی سینیٹر کی گرفتاری کا امکان ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کارکنان جلوس کی شکل میں حکومت اور نیب کیخلاف توہین آمیز نعرے بازی کرتے ہوئے آبپارہ سے نادرا چوک آئے۔

علاقہ مجسٹریٹ نے دفعہ 144 کے نفاذ سے آگاہ کرتے ہوئے منتشر ہونے کا کہا تو پی پی کارکنان نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا اور رکاوٹیں توڑتے ہوئے نیب دفتر کے باہر پہنچ گئے، پی پی کارکنوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار اور ایک صحافی زخمی ہوا، حملہ کرنے والے 20 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا تاہم مصطفیٰ نواز کھوکھر، راجا شکیل عباسی سمیت 50 افراد موقع سے فرار ہو گئے۔