کسی احتجاج کی کال نہیں دی، کارکنوں کو رہا کیا جائے: بلاول کا مطالبہ

Last Updated On 20 March,2019 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ غیر جمہوری ہے، کسی احتجاج کی کال نہیں دی، کارکن پرامن تھے۔

نیب میں پیشی کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئے پاکستان میں غیر جمہوری رویے کی مذمت کرتا ہوں۔ میں نے کسی احتجاج کی کال نہیں دی تھی۔ میری نیب پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکن پرامن طریقے سے احتجاج کر رہے تھے لیکن انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ حکومت نے رویہ نہ بدلا تو نتائج کی خود ذمہ دار ہو گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ پرامن کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے لیکن اگر ایسا نہ کیا گیا تو پیپلز پارٹی کو اقدام اٹھانا پڑے گا۔ غیر جمہوری رویے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: آئین کے ذریعے ہر کالا قانون ختم کر دیں گے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ کیس نیب کا بنتا ہی نہیں، یہ کیا مذاق ہے کہ مجھے نیب طلب کر رہی ہے۔ ظلم اور ناانصافی کیخلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ احتساب سلیکٹو نہیں بلکہ سب کے لیے یکساں قانون ہونا چاہیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب کی تاریخ کسی سے چھپی نہیں، افسوس کی بات نیب کو استعمال کیا جاتا ہے۔ ہر سیاست دان کیخلاف کرپشن کیسز بنایا جاتا ہے۔ ایک سال سے بھی کم عمر تھی جب کمپنی کا شیئر ہولڈر بنا۔ سابق چیف جسٹس صاحب نے بھی میرے بارے کہا کہ بے گناہ ہوں لیکن ان کے حکم کے باوجود میرا نام نہیں نکالا گیا۔