نومولود سیاستدان نواز شریف کی صحت پر سیاست چمکا رہے ہیں: حمزہ شہباز

Last Updated On 19 March,2019 03:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نومولود سیاستدان نواز شریف کی صحت پر سیاست چمکا رہے ہیں، نیازی صاحب اپنے وزرا کو بیان بازی سے روکیں، الزام تراشیاں چھوڑ کر معاشی صورتحال کو بہتر کریں، ملک کو تماشا نہ بنائیں۔

لیگی رہنما حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف کو 8 اسٹنٹس ڈالے گئے، ایک بار وینٹی لیٹر پر آئے، کڈنی، شوگر اور بلڈ پریشر کے بھی مریض ہیں، ڈاکٹر کی ہدایات پر بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا نیازی صاحب جب کنٹینر سے گرے تو انتخابات کے آخری دن تھے، نواز شریف نیازی صاحب کی خیریت دریافت کرنے ہسپتال پہنچے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پاک بھارت بارڈر پر ٹینشن چل رہی ہے، نواز شریف نے اربوں ڈالروں کو ٹھکرا کر بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کیے، سیاست میں اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیں، اپنی وزارت کی کرسی پکی نہ کریں۔ انہوں نے کہا نیازی صاحب چور ڈاکو کہنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا، 6 ماہ گزر گئے اور معیشت ابھی بھی وینٹی لیٹر پر ہے، ابھی تک حکومت نے کوئی معاشی ایجنڈا نہیں دیا۔