نواز شریف کی صحت سے متعلق علامات اچھی نہیں، حمزہ شہباز

Last Updated On 06 March,2019 08:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت سے متعلق علامات اچھی نہیں، حکومت خدانخواستہ حادثے کا انتظار کرنے کے بجائے قانون کے تحت فوری اپنا فرض پورا کرے۔

کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم اور اپنے تایا کی عیادت کے بعد انہوں نے بتایا کہ محمد نواز شریف سے اہلخانہ نے بہت اصرار کیا ہے لیکن اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنا معاملہ اللہ کی ذات کے سپرد کر چکے ہیں۔ عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ اہم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے عوام اور پارٹی کارکنان سے دعا کی درخواست کی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر حکومت نے فیصلہ ماننا ہی نہیں تھا تو پھر پانچ میڈیکل بورڈز بنانے کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا؟ اور اگر میڈیکل بورڈز تشکیل دئیے گئے تو پھر ان کی سفارشات پر عمل کرنا قانونی تقاضا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ علاج کی راہ میں رکاوٹ زندگی کے قانونی حق سے انکار کا مجرمانہ اقدام ہے۔ نواز شریف کے صبر کا امتحان لینے والوں کو یہ مہنگا پڑ سکتا ہے۔