بلاول کو دو مرتبہ معاف کیا، تیسری مرتبہ گنجائش نہیں: شیخ رشید

Last Updated On 18 March,2019 03:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے بلاول کو دو مرتبہ معاف کیا، تیسری مرتبہ گنجائش نہیں، شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، چھوٹے بھائی نے خود کو بڑے بھائی کی سیاست سے دور رکھا، عمران خان کے پاس ڈھیل اور ڈیل کی کوئی گنجائش نہیں۔

ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا مسلم لیگ ن والے اپنے کیسز لاہور اور پیپلزپارٹی والے کراچی میں لگوانا چاہتے ہیں، دونوں ہی عدالتوں سے ضمانتیں چاہتے ہیں، بلاول بچہ ہے، بچ کر کھیلے کہیں ایسا نہ ہو کہ سیاسی موت مر جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ بختاور بیٹی کو جواب نہیں دوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو دوائی کی ضرورت ہے نہ ڈاکٹروں کی، اُن کو ہسپتال کے بستروں سے بدبو آتی ہے۔ اُن کی سوئی بیرون ملک علاج کرانے پر پھنسی ہوئی ہے۔ اِن کے گھر اور اولادیں باہر ہیں، یہ جیل نہیں کاٹ سکتے، یہ شیر نہیں گیدڑ ہیں۔ ن لیگ کا ایک ہی ایجنڈہ ہے، مال بنانا اور لندن جانا ۔اُن کا کہنا تھا کہ ایل این جی کیس میں ثبوت مل چکے ہیں، شاہد خاقان عباسی نہیں بچ سکتے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ اگر علماء آج اعلان کریں کہ جہاد فرض ہوچکا ہے، تو وہ جہاد کے لیے نکل کھڑے ہوں گے۔