اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اپنے والد کی سیاست پر چل پڑے، وہ جھوٹی سیاست کر رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول اور ان کے چچا کی پالیسی ملک لوٹنا ہے۔ پہلے اداروں میں اثرروسوخ استعمال کیا جاتا تھا، اب آزاد اداروں کی وجہ سے انہیں تکلیف ہو رہی ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ امریکی مصنف نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے خفیہ اکاؤنٹ بارے لکھا، اس کا انھیں جواب دینا چاہیے۔ اگر امریکی مصنف نے غلط لکھا تو بلاول بھٹو کو ہتک عزت کا دعویٰ کرنا چاہیے انہیں کافی پیسے مل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے والد کی سیاست پر چل پڑے ہیں اور ان کی طرح جھوٹی سیاست کر رہے ہیں۔ سندھ کی 70 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ بلاول بھٹو کے اہلخانہ امیر اور عوام غریب ہو گئے۔ یہ حکومت پاکستان میں کرتے ہیں اور پیسہ لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول کی تمام باتیں جھوٹ پر مبنی ہیں۔ وہ عوام کو بتائیں کہ سندھ میں اتنا پیسہ کہاں لگا؟ ان کے رشتہ دار امیر اور عوام غریب ہوئے، وہ نیا چارٹر آف ڈکیتی لانا چاہتے ہیں۔