شاکراللہ کو شدید تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا، پوسٹمارٹم رپورٹ

Last Updated On 03 March,2019 05:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انڈین جیل میں قتل ہونے والے پاکستانی شاکراللہ کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں یہ بات سامنے آ گئی ہے انھیں شدید تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی جیل میں ہندو قیدیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے پاکستانی شاکراللہ کی ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ جیسروالہ کے رہائشی شاکراللہ کو بیہمانہ تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا۔

ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق شاکراللہ کو سر، ماتھے اور گردن پر گہری چوٹیں لگیں۔ ماتھے پر لگنے والی گہری چوٹ شاکراللہ کی موت کی وجہ بنی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جیل میں قتل شاکراللہ کی سینکڑوں افراد کی موجودگی میں‌ تدفین

دوسری جانب بھارت نے واقعے کی تفصیلات اور پوسٹمارٹم رپورٹ اب تک پاکستان کے حوالے نمہیں کی۔ پاکستان نے شاکراللہ کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

آج شاکراللہ کی نماز جنازہ ڈسکہ میں اہلخانہ اور قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں شہریوں کے علاوہ مقامی سماجی و سیاسی رہنماوں کے علاوہ کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل سیالکوٹ میں 6 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے شاکراللہ کا پوسٹ مارٹم کیا جس کے بعد میت آبائی علاقے پہنچا دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ شاکراللہ 2003ء میں غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے۔ بھارتی فوج نے انھیں پاکستان کے حوالے کرنے کی بجائے جیل میں قید کر دیا، بعد ازاں ان پر جھوٹا مقدمہ بھی چلایا گیا۔