امریکا بھارت کیلئے پریشان: پاکستان کو جوابی کارروائی نہ کرنیکا مشورہ

Last Updated On 27 February,2019 10:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مائیک پومپیو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو فون کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کو منع کرنے کے بجائے پاکستان کو جوابی حملہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا پاکستان جوابی حملہ نہ کر کے خطے میں کشیدگی کم کرسکتا ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا پاک بھارت وزراء خارجہ فوری بات چیت کے ذریعے موجودہ کشیدگی کم کریں، امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی بھاری نقصان سے بچنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

ادھر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اپنے ترک ہم منصب کو بھارت کی طرف سے کی جانے والی دراندازی اور خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو باور کرایا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے تاہم اپنی قومی سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے اور ہندوستان کی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

دوسری طرف ترک وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو اپنی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔