بھارت نے جنگ کی تو نئی دہلی پر پاکستانی پرچم لہرائے گا: شہباز شریف

Last Updated On 26 February,2019 11:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے بھارت نے جنگ کی تو نئی دہلی پر پاکستانی پرچم لہرائے گا، بھارتی جارحیت پر پوری قوم ایک پیج پر ہے، پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری مت سمجھا جائے۔

 اپوزیشن لیڈر و پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھارتی فضائیہ کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا، بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے، خطے کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی، ہماری مسلح افواج جذبہ شہادت، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات و بہادری کا پیکر ہیں، ہمیں اپنے بیٹوں، مادر وطن کے سجیلے جوانوں پر ناز ہے، ملکی دفاع کی خاطرخون بہانے کے لیے محاذ جنگ پر جانے کے لئے تیار ہوں۔

یاد رہے بھارتی طیاروں کی مظفر آباد سیکٹر میں دراندازی کی کوشش پر شاہینوں کے فضا میں بلند ہوتے ہی بزدل بھارتی طیارے بدحواسی کے عالم میں بالاکوٹ کے قریب ہتھیار پھینک کر بھاگ گئے۔