بھارت پلوامہ حملے کا ٹھوس ثبوت دے، کارروائی کرینگے: وزیراعظم

Last Updated On 25 February,2019 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پلوامہ واقعے سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں، اگر بھارت ٹھوس شواہد فراہم کرے تو ہم ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 2015ء میں میری نریندر مودی سے نئی دہلی میں ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں نے اتفاق کیا تھا کہ غربت کا خاتمہ ہمارے خطے کی سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تہیہ کیا تھا کہ دہشت گردی کے کسی وقعے سے امن عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، تاہم بدقسمتی سے پلوامہ واقعے سے پہلے ستمبر 2018ء میں ہی یہ کوششیں ناکام ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ افسوس اب امن بھارت میں الیکشن تک ایک خواب ہی رہ گیا نریندر مودی کو امن عمل کو ایک موقع دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ بھارت کی دھمکیوں پر پاکستان کے منہ توڑ جواب کے بعد نریندر مودی لائن پر آنے لگے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم کو گزشتہ روز راجستھان میں خطاب کے دوران عمران خان سے ہونے والی گفتگو یاد آ گئی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کو غربت اور جہالت کا مل کر خاتمہ کرنے کا کہا تھا، آج بھی اس بات پر قائم ہوں۔

راجستھان جلسے سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کو نیا وزیراعظم ملا تو انہوں نے عمران خان کو مبارک باد دی تھی۔ انہوں نے عمران خان سے کہا تھا کہ ہمیں مل کر غربت اور جہالت کو ختم کرنا ہوگا، اب دیکھتے ہیں کہ کیا پاکستانی وزیراعظم اپنے الفاظ پر قائم رہتے ہیں۔