اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کی تقریر ہر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی بہن کو این آر او مل گیا، خان صاحب! کان کھول کر سن لیں، اپوزیشن ڈکٹیشن نہیں لے گی، دھونس اور دھمکیوں سے ڈرنے والے بھی نہیں، وزیراعظم کی تقریر ڈی چوک کی زبان قرار۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیرا عظم عمران خان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا متحدہ اپوزیشن کا مشاورتی اجلاس جلد طلب کرنے کا فیصلہ ہو گیا ہے۔
وزیرا عظم عمران خان کی تقریر پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ عمران خان کی مرضی اور منشاء کی غلام نہیں، نہ ہی ان کی دھونس سے چل سکتی ہے، وزیراعظم، ان کی حکومت اور ٹیم مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، اسے چھپانے کے لئے کرپشن اور این آر او اور ڈیل کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں، پارلیمان عمران خان کو جوابدہ نہیں، وزیرا عظم کی آمرانہ اور فسطائی سوچ اب زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کان کھول کر سن لیں اپوزیشن حکومتی دھونس اور دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، بادشاہ سلامت کو پارلیمان میں شہباز شریف کا سانحہ ساہیوال پر سوال کرنا گراں گزرا۔
اس سے قبل شجرکاری مہم کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے، ایک این آر او جنرل مشرف نے نواز شریف کو دیا، نواز شریف کو این آر او دے کر کیس روکا اور بیرون ملک جانے دیا، این آر او دینے سے تاثر ہوا طاقتور چور کو پاکستان میں نہیں پکڑا جاتا۔ انہوں نے کہا اتنے اتنے تاریخی خسارے چھوڑیں گے تو قیمت عوام ادا کریگی، وہ کس منہ سے کہتے ہیں 5 ماہ میں پی ٹی آئی نے ٹھیک نہیں کیا، اب کسی کرپٹ آدمی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا ہے این آر او دینا اس ملک سے غداری ہوگا، این آر او نے پاکستان کو تاریخی نقصان پہنچایا، این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے، سرے محل کیس میں قوم کے 2 ارب روپے برباد کئے گئے۔