لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں اور وژن کہیں نظر نہیں آ رہا۔ معاشی صورتحال ٹویٹ سے ٹھیک نہیں ہو گی۔ عمران خان، شاہد خاقان، اسحاق ڈار اور احسن اقبال سے مشورہ کر لیں، صورتحال قابو کرنا حکومت کے بس میں نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی قرضہ 2 ارب ڈالرز اور غیر ملکی قرضہ 190 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا ہے، حکومتی معاشی پالیسیاں اور وژن نظر نہیں آ رہا۔ معاشی صورتحال ٹویٹ سے ٹھیک نہیں ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر قابو پانا وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کے بس کی بات نہیں، انہیں شاید پارلیمان میں معاشی بحران ختم کرنے کیلئے مشورہ مانگنے پر شرمندگی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل کو بلا کر مشورہ کر لیں۔ حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلائے، ہم ان کی مدد کریں گے۔
ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور ناتجربہ کاری کی وجہ سےعوام مشکلات اور مایوسی کا شکار ہیں، حکومت پارلیمان کا اجلاس بلا لے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے نہ ڈرے۔ جب معاملہ ملک کا ہو تو تکبر اور ذاتی انا کو پس پشت ڈال دینا چاہیے۔