اپوزیشن لیڈر نہ آئے تو قائد ایوان بھی پارلیمنٹ نہیں آسکیں گے:لیگی رہنما

Last Updated On 25 January,2019 07:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف کا کہنا ہے نعیم الحق نے پروڈکشن آرڈر بند کرانے کی دھمکی دی، اگر اپوزیشن لیڈر ایوان میں نہ آئے تو قائد ایوان بھی نہیں آسکیں گے، علیمہ خان کو منی ٹریل پیش کرنا ہوگی، ریلیف عارضی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نعیم الحق نے 3 ٹویٹ کیے اور اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن کو دھمکی دی، نعیم الحق نے وزیراعظم کی جانب سے ٹویٹ کیا ہے، اس طرح کا ٹویٹ کر کے پارلیمنٹ اور سپیکر کا احترام ملحوظ خاطر نہیں لایا گیا۔ خواجہ آصصف نے کہا ہمارے دور حکومت میں جب مفتاح اسماعیل نے بجٹ تقرر کی تو انکا مائیک چھین لیا گیا، ہم بجٹ تقریر کے دوران خاموشی سے بیٹھے رہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا اسمبلی کو اس وقت مسائل درپیش ہیں، سپیکر صاحب نے اچانک اجلاس برخواست کر دیا، نہیں جانتے آئندہ اسمبلی اجلاس کب ہوگا۔ انہوں نے کہا اراکین اسمبلی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وزراء کی تقاریر صرف نمبر ٹانکنے کا طریقہ ہے، کہا گیا ہے جو زیادہ گالیاں نکالے گا اسے اتنا عہدہ ملے گا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا چاہتے ہیں پارلیمنٹ اور یہ نظام کام کرے، حکومت ایوان کو جس راستے پر لیجائے گی ہم اس راہ پر بھی جانے کو تیار ہیں، حکومت جو بیج بو رہی ہے اسکی فصل بھی کاٹے گی، یہ بے نامی جائیدادیں کبھی بیوی کے نام رکھ لی، کبھی بہن کے نام اس طرح سے کام نہیں چلے گا، پہلی حکومت ہے جو بجٹ بل پیش کر کے بحث کرائے بغیر اسمبلی اجلاس ملتوی کر کے گھر چلی گئی۔