العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس، نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 24 January,2019 04:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو سزا معطلی کی درخواست میں مزید دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دیدی۔ کوٹ لکھپت جیل کے قیدی سابق وزیر اعظم کی سزا کے خلاف اپیل کی 18 فروری کو سماعت ہوگی، نیب کی اپیلوں پر سماعت بھی اُسی روز ہو گی۔

 جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بنچ سے نواز شریف کے وکیل منور اقبال نے استدعا کی کہ وہ سزا معطلی کی درخواست کے ساتھ مزید دستاویزات پیش کرنا چاہتے ہیں، احتساب عدالت میں گواہان اور استغاثہ کی جانب سے پیش کئے گئے شواہد عدالتی ریکارڈ پر لانے کی بھی اجازت دی جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ عدالت خود بھی مقدمے کا تمام ریکارڈ طلب کر چکی ہے، آپ کی تحریری درخواست منظور کی جاتی ہے۔

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف نواز شریف اور نیب کی اپیلوں پر بھی تاریخ لگ گئی۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ ہی 18 فروری کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔