سینیٹ کمیٹی داخلہ کا سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

Last Updated On 21 January,2019 05:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشنل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت کہ رہی تھی پورے ملک میں داعش کا کوئی وجود نہیں، حکومتی دعوؤں کے بعد اب ساہیوال میں داعش کیسے آئی؟۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے 11 سوالات مرتب کرتے ہوئے آئی جی پولیس اور سیکرٹری داخلہ پنجاب سے جواب طلب کرتے ہوئے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کردیا، ضرورت پڑی تو وزیراعلی عثمان بزدار کو بھی کمیٹی میں طلب کریں گے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم بطور وزیر داخلہ بتائیں کیا ملک میں داعش کام کر رہی ہے ؟ یہ بھی بتایا جائے کون سی ایجنسی کی رپورٹ تھی کہ ذیشان دہشتگرد تھا ؟ جب مقتولین نے سی ٹی ڈی کے کہنے پر گاڑی روک دی تو فائرنگ کیوں کی گئی ؟ مقتولین کی جانب سے کوئی مزاحمت نہ ہونے کے باوجود پولیس نے کیوں 4 افراد کو قتل کیا ؟ کیا 13 سالہ لڑکی کو اس لئے قتل کیا گیا کہ عینی شاہد کو ہی ختم کردیا جائے؟۔