ملک بھر میں سردی کا راج، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

Last Updated On 18 January,2019 12:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں جاڑے کا اثر برقرار ہے، بارش کا نیا سسٹم آج بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں داخل ہوگا۔ کوئٹہ، ژوب، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بادل برسیں گے۔ پنجاب کے میدانی علاقے دھند میں دھندلائے رہے۔

موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج کوہاٹ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑی پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی، لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے دھند کے باعث بند رہی۔ ترجمان موٹر وے کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

ادھر شمالی علاقہ جات سمیت اکثر پہاڑی مقامات پر خون جما دینے والی سردی برقرار ہے، آج بگروٹ سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ منفی 12 ڈگری تک گر گیا۔ سکردو اور کالام میں منفی 10، گوپس منفی 9، استور منفی 8، مالم جبہ میں منفی 5 اور قلات میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 1، لاہور میں 2، فیصل آباد صفر، ملتان 5، پشاور 2 جبکہ کراچی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔