بلوچستان نیشنل پارٹی کا حکومت کیساتھ اتحاد جاری رکھنے کا فیصلہ

Last Updated On 16 January,2019 08:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی نے وفاقی حکومت کے ساتھ اتحاد جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ اختر مینگل کہتے ہیں کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے پر تحفظات ہیں، حکومت سے معاملات حل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کراچی میں سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ مزید رہنے اور نہ رہنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے کہا کہ اجلاس میں 6 نکات پر غور کیا گیا۔ وفاقی حکومت بلوچستان کے تحت نوکریاں نہیں دے رہی جبکہ بلوچستان میں لاپتا افراد کے حوالے سے بھی حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

سردار اختر مینگل نے مزید کہا کہ معاملات کے حل کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، یہ کمیٹی حکومت سے معاملات پر پارٹی کو آگاہ کرے گی، اس کے بعد فیصلہ کرینگے کہ وفاقی حکومت کا ساتھ جاری رکھا جائے یا نہیں