اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سعودی وزیر پٹرولیم و انرجی خالد بن عبدالعزیز اپنے وفد کے ہمراہ گوادر پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان اور وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سکول کے بچوں اور چائنیز نے سعودی مہمانوں کو گلدستہ بھی پیش کیا۔
چائنہ بزنس کمپلیکس میں اجلاس کے دوران جی پی اے چیئرمین دوستین خان جمالدینی اور جی ڈی اے کے ڈی جی ڈاکٹر سجاد بلوچ نے وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرنے والا ہے، پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحکام کیلئے اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ایک اہم خطے میں واقع ہے، پاکستان، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عالمی مثال ہو گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی، پاکستان میں ایگریکلچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی کے قیام کے لئے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔