بلوچستان کا ضلع چاغی قحط سالی کی شدید لپیٹ میں

Last Updated On 08 January,2019 06:35 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومتی امداد بند ہونے کے باعث غذائی قلت سے ڈھائی ہزار بچے متاثر ہیں۔ اس علاقے کی پہچان خشک سالی سے پیدا ہونے والی گھمبیر صورتحال ہے۔

بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے ضلع کی 4 تحصیلیں اور 11 یو سی میں قحط سالی کے ڈیرے ہیں۔ غذائی قلت سے بچوں سمیت 35 ہزار افراد متاثر ہو رہے ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ زمین خشک بنجر ہو گئی ہے۔

خشک سالی سے پریشان زمیندار اپنے گھر بار زمینیں سب چھوڑ کر دیگر علاقوں کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں مگر اب وہ بھی مالی بحران کے باعث معطل ہونے سے ان علاقوں میں رہنے والوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی نے چاغی کے 80 فیصد کاریزات اور چشمے خشک کھجور کے 20 فیصد درخت جبکہ 11 ہزار ایکڑ زمین بنجر ہو گئی ہے۔

خوراک کی عدم فراہمی اور صحت کی سہولیات کے فقدان سے اموات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اگر حکومتی سطح پر چاغی کے قحط زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع نہ کی گئیں تو خشک سالی کے کالے بادل مزید علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔