راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں جیو سٹریٹجک ماحول، ملکی سیکیورٹی کا جائزہ، ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، پاک افغان بارڈر اور مشرقی سرحدوں کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال جبکہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں پاک افغان سرحد پر باڑ، جاری منصوبوں میں پیشرفت اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز اجلاس میں بھارتی جارحیت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
فوجی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں پائیدار امن کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور علاقائی امن کیلئے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی حمایت کی جائے گی۔